حکومت نے عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے کے بیان کی تردید کر دی

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان تک ان کے وکلا اور اہلخانہ کو رسائی نہ دینے کی تردید کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں ان کے سیل اور سہولیات کی تصاویر بھی جاری کردیں۔
حکومت نے عمران خان کے مؤقف کی تردید میں سپریم کورٹ میں اضافی دستاویزات جمع کروادیں جن کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں وکلا سے ملاقات کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست بھی سپریم کورٹ میں جمع کرواتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا قید تنہائی میں ہونے کا مؤقف غلط ہے۔
وفاقی حکومت نے گزارش کی کہ عدالت مناسب سمجھے تو ان کے بیان کی حقیقت کو جانچنے کیلئے کمیشن بھی مقرر کرسکتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کتابیں ،ایئر کولر، ٹی وی سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ انہیں وکلا تک رسائی حاصل نہیں۔

@imrankhan#adialajail#islamabad#PakTurkNews#rawlapindi#supremecourt