سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منایا جا رہا ہے

اسلام آباد، لاہور، کراچی (پاک ترک نیوز) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں آج یومِ تقدسِ قرآن منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جبکہ سیاسی و سماجی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک گیر مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر ہر طبقہ فکر سے وابستہ افراد سویڈن میں ملعون شخص کے ہاتھوں قرآن پاک نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کررہے ہیں۔
سویڈن واقعے کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ بار ایسویسی ایشن نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر حکومت سے سفارتی سطح پر اس مذموم سازش کا مقابلہ، سفارتخانہ بند کرنے اور مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مسلم لیگ ن مینارٹی ونگ کے مرکزی صدر اور پاکستان مسیحی کونسل پاکستان کے صدر سینیٹر کامران مائیکل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کا واقعہ ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کے مسیحی اس واقعے کے خلاف احتجاج میں بھرپور شریک ہیں اور مذمت کرتے ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں مسیحی برادری اور ان کے مذہبی رہنماؤں نے سویڈن واقعے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس سلسلے میں جاری بیانات میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اس قسم کے واقعات عمل میں نہ آئیں۔
کراچی میں تاجر تنظیموں کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد احتجاج کے طور پر 2 گھنٹوں کے لیے کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیوں میں سویڈن واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔

#islamabad#Lahore#pakturknwes#quran-e-pakkarachiPakistanSweden