آئی ایم ایف کا جائزہ مشن آج پاکستان پہنچے گا

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) آئی ایم ایف کا جائزہ مشن آج دس روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گا ۔
آئی ایم ایف کیساتھ نویں اقتصادی جائزے کی تکمیل پر پروگرام ٹریک پر آنے اور ایک ارب دس کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے ۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف )اور پاکستان کے درمیان نویں اقتصادی جائزے پر منگل سے مذاکرات شروع ہونگے ۔
مذاکرات میں آئی ایم ایف کو جولائی تا دسمبر 2022 معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا، سیلاب سے 30 ارب ڈالر کے نقصانات اور اخراجات پر بریفنگ دی جائے گی، اور ٹیکس محاصل، ایکسچینج ریٹ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف کے جائزہ وفد کو کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے، انرجی سیکٹر اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی، جب کہ گردشی قرضے اور نجکاری پروگرام میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف جائزہ مشن کی آمد سے قبل ہی متعدد شرائط پوری کی جاچکی ہیں اور بجلی و گیس کے بارے میں بھی جلد فیصلہ متوقع ہے جس کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی معاہدے کی تکمیل کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

#finance#financeministry#flood#islamabad#PakTurkNewsIMF