ایس آئی ایف سی کی اہمیت نے ناقدین کے منہ پر تالا لگادیا،وزیراعظم

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت نے ملکی سرمایہ کاری میں اہم کردار ادا کیا، وقت کے ساتھ ساتھ ایس آئی ایف سی کی اہمیت نے ناقدین کے منہ پر تالا لگادیا۔
یہ بات انہوںنے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چاروں وزرائے اعلیٰ، وزیر اطلاعات ، وزیر خزانہ، وزیر داخلہ، وزیردفاع، وزیر منصوبہ بندی، وزارت تجارت، وزیر قانون و انصاف، وزیر آبی وسائل اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ عرب امارات کے موقع پر 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے بارے میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی اور غیر ملکی سرمایہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کو ایس آئی ایف سی میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں، چاروں صوبے ایس آئی ایف سی پر اعتماد کرتے ہیں سعودیہ اور یو اے ای یکسو ہیں کہ تمام سرمایہ کاری ایف آئی سی ایف کے ذریعے ہی ہوگی، ایف بی آر کی ڈیجیٹیلائزیشن کے لیے غیر ملکی فرم کو ہائر کرلیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے حوالے سے فوجی اور سول افسران مل کر کام کررہے ہیں، جرمن سرمایہ کاروں نے بھی ایس آئی ایف سی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم بہت جلد اپنے اہداف کو حاصل کرلیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ ہمارا دورہ سعودیہ عرب اور یو اے ای کامیاب رہا ہے، عسکری قیادت نے ملکی سرمایہ کاری میں اہم کردار ادا کیا، وقت کے ساتھ ساتھ ایس آئی ایف سی کی اہمیت نے ناقدین کے منہ پر تالا لگادیا، تجارتی اور معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں۔
اجلاس میں دوست ممالک کی سرمایہ کاری پر رپورٹ پیش کی گئی اور داخلی سیکیورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اینٹی اسمگلنگ پر بریفنگ دی۔

#aliamingandapur#armychief#asimmunir#chiefminister#maryamnawaz#muradalishah#PakTurkNews#primemnister#shahbazsharif