بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں،نگران وزیراعظم

مظفرآباد(پاک ترک نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔کوئی بھی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔
مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، بھارت اپنی حد میں رہے اپنی حد کراس نہ کرے، مقبوضہ کشمیر کا یکطرفہ فیصلہ کسی صورت قبول نہیں۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیری قیادت سے مل کر فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر جلد ہی اسلام آباد میں دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں تحریک کو جلا بخشنے پر بات چیت ہوگی، نگران وزیر خارجہ اور ہمارے مشن متحرک نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو متحرک رہنا چاہیے، آزادی کی تحریک کیلئے تمام مکتبہ فکر کو متحد ہونا پڑے گا۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کشمیر کا فیصلہ یو این قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، کشمیر بھارت کا حصہ تھا نہ ہی کبھی ہوگا، مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو اپنا شہری سمجھتے ہیں اور اپنے شہریوں کی کسی صورت پامالی نہیں ہونے دیں گے، جہاں کارروائی کی ضرورت ہوگی کارروائی کریں گے۔

#anwarulhaqkakkar#caretakerpm#kashmir#muzafarabaad#PakTurkNews