بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نےزپوروزےنیوکلیئر پاور پلانٹ میں ایک مستقل مشن قائم کر لیا

ویانا(پاک ترک نیوز)
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے جنوبی یوکرین میں واقع زپوروزے نیوکلیئر پاور پلانٹ میں مستقل مشن قائم کر لیا ہے۔تاکہ یورپ کے اس سب سے بڑے جوہری بجلی گھر کو روس ۔یوکرین جنگ کے اثرات سے بچایا جا سکے۔
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے پیر کی شب سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے اپنے اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی جانے والی ایک ویڈیو اور تحریری پیغام میں بتایا ہے کہ عالمی تنظیم نے زپوروزے کے ایٹمی بجلی گھر میں اپنا مستقل مشن قائم کر دیا ہے ۔ تاکہ اس بجلی گھر کی تنصیبات کو جنگ کے اثرات سے محفوظ کیا جا سکے۔
اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں نیوکلیئر پاور پلانٹ میںآئی اے ای اےکے پرچم کو بلند کرنے کی تقریب کو دکھایا گیا ہے۔ جہاں ایجنسی نے اس طرح کا اپنا پہلا مستقل مشن قائم کیا ہے۔
رافیل گروسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم جاری تنازعہ کے دوران جوہری تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ اور جلد ہی انکی تنظیم مستقل طور پر یوکرین کے تمام نیوکلیئر پاور پلانٹس میں موجود ہو گی۔
دریں اثناروس کی جانب سے آئی اے ای اے کے اس اقدام پر ردعمل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عالمی تنظیم کے پاس نہ تو ایسے اوزار ہیں اور نہ ہی قانونی اختیارات ہیں جو یوکرین کو زپوروزے کے ایٹمی بجلی گھرپر گولہ باری روکنے پر مجبور کر سکیں۔تاہم یوکرینی افواج صرف روس کی جانب سے شدید ردعمل کے خدشے کے پیش نظر ہی ایسا کرنے سے اجتناب کر رہی ہیں۔روسی ردعمل میں اس بات کا اعتراف بھی کیا گیا ہے کہ یوکرینی فوج کے یونٹوں نےگذشتہ سال زپوروزے کے ایٹمی بجلی گھر پر گولہ باری نہیں کی۔

#iaea#light#pakturknew#PakTurkNews#powerplant#ukraine#vianarussia