لاہور(پاک ترک نیوز)کور کمانڈر ہائوس حملہ کیس میں جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو قصور وار قرار دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی نے نو مئی کے واقعات کی تفتیش مکمل کرتے ہوئے رپورٹ تیار کرلی۔مقدمہ نمبر 96/23 میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت نامزد ملزمان کو قصور وار قرار دے دیا گیا۔
جے آئی ٹی کی تفتیش میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے بلوائیوں سے رابطے بھی موبائل کال ریکارڈ میں ثابت ہوئے۔چئیرمین پی ٹی آئی کا جے آئی ٹی کے سامنے دیا گیا بیان شواہد سے متضاد ثابت ہوا۔ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے والے دیگر رہنماؤں کے بیانات بھی حقائق کے برعکس ثابت ہوئے۔
پولیس تفتیش میں کہا گیا ہے کہ نامزد ملزمان کی جناح ہاؤس واقعے میں منصوبہ بندی اور عمل درآمد ثابت ہوگیا ، جناح ہاؤس حملہ اور نومئی کے دیگر واقعات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے۔ دوران تفتیش ڈیجیٹل شواہد ، موبائل ویڈیوز ، کلوزسرکٹ فوٹیجز ، موبائل رابطے ثابت ہوگئے۔
پی ٹی آئی رہنما ڈیجیٹل و فرانزک شواہد کے سامنے سوالات کے مناسب جواب نہیں دے سکے ۔
مقدمہ نمبر 96/23 کے علاوہ دیگر مقدمات میں بھی پی ٹی آئی قیادت قصور وار پائی گئی۔ دس مقدمات میں نامزد و گرفتار ملزمان کی حساس تنصیبات پر موجودگی جیوفینسنگ رپورٹ میں ثابت ہوئی۔
تمام مقدمات کی تفتیشی رپورٹ جلد عدالت میں پیش کردی جائے گی۔
یاد رہے کہ دہشت گردی سمیت 20 دفعات کے تحت درج مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی ، حماد اظہر ، مراد سعید ، علی امین گنڈا پور نامزد ملزم ہیں۔