نیوزی لینڈ سے سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کل ہوگا

لاہور(پاک ترک نیوز) نیوزی لینڈ سے ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کل ہوگا۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے کپتان بابراعظم سے مشاورت مکمل کر لی، کیوی کے خلاف قومی سکواڈ کے 18 رکنی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان 9 اپریل کو کیا جائے گا۔
بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، شاداب خان اور افتخار احمد سکواڈ کا حصہ ہونگے، اعظم خان،شاہین شاہ آفریدی ،نسیم شاہ اور زمان خان کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ابرار احمد اور اسامہ میر میں سے ایک کھلاڑی سکواڈ کا حصہ بنے گا۔محمد عثمان، عماد وسیم اور محمد عامر سکواڈ کا حصہ ہوں گے، عرفان نیازی یا عباس آفریدی کو بھی نیوزی لینڈ کے خلاف موقع دیا جانے کا امکان ہے۔
سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، وسیم جونیئر اور فخر زمان بھی سکواڈ میں شامل ہونگے جبکہ حارث رؤف انجری کے باعث سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں لوکل کوچز خدمات سرانجام دینگے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم مینجمنٹ کا اعلان بھی ایک دو روز تک متوقع ہے، محمد یوسف کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں عبوری ہیڈ کوچ بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے رکن عبد الرزاق بھی کوچنگ ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ سابق فاسٹ باؤلر عمر گل اور سپنر سعید اجمل کے بھی نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں کوچنگ ٹیم کا حصہ ہونے کا امکان ہے۔ٹیم مینجمنٹ کے غیر ملکی ہیڈ کوچز کا اعلان 15 اپریل کے بعد کیا جائے گا، اسسٹنٹ کوچ کا اعلان 20 اپریل کے بعد ہو گا۔
یاد رہے کہ قومی ٹی 20 سکواڈ کے کھلاڑی 14 اپریل کو اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے جبکہ کیوی ٹیم 14 اپریل کی صبح اسلام آباد لینڈ کرے گی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 18 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

#babarazam#newzeland#PakTurkNews#pakvnz#t20#t20seriesPakistan