عمران خان کی تقاریراور بیانات نشر کرنے پر پابندی کا حکم معطل

 

لاہور(پاک ترک نیوز) لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر پیمرا کی جانب سے تقاریر پر پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔تیرہ مارچ کو مزید سماعت کی جائے گی۔
عدالت نے مزید سماعت کے لئے کیس کو فل بنچ کو بھجوا دیا۔ عدالت نے حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے محفوظ فیصلہ سنا دیا،عمران خان نے پیمرا کی جانب سے پابندی کے نوٹیفکیشن کو ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔
عدالت نے پیمرا کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسٹس شمس محمود مرزا کا کہنا تھا کہکسی سیاسی جماعت کے سربراہ پر اس طرح پابندی نہیں لگائی جا سکتی،یہ آزادی اظہار رائے کیخلاف ہے۔
پیمرا کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ یہاں نہیں سنا جا سکتا ہے، فل بینچ نے سماعت کرنا ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ یہ دائرہ اختیار نہیں ہے۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے وکیل پیمرا سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیمرا سے کہیے گا کہ آپ سے مشاورت کر لیں۔
وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ پیمرا نے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کی ہے،بیانات اور تقاریر پر پابندی لگانا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے،عدالت پیمرا کی جانب سے عمران خان کی تقریر نشر کرنے پر پابندی کالعدم قرار دے۔عدالت نے وفاقی حکومت سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کارروائی 13مارچ تک ملتوی کردی۔

@imrankhan#chairmanpti#Lahore#lahorehighcourt#PakTurkNews#pemra#pti