پاکستانی ٹیم کا افغانستان سے سیریز کیلئے تین روزہ کیمپ آج سے شروع ہو گا

لاہور(پاک ترک نیوز) افغانستان سے سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا تین روزہ کیمپ آج سے لاہور میں شروع ہو گا ۔
پی سی بی کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لگائے جانے والے تین روزہ کنڈیشننگ کیمپ میں پاکستان میں موجود قومی کرکٹرز شریک ہوں گے۔
کیمپ جوائن کرنے والے کھلاڑیوں میں وسیم جونئیر، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، سلمان آغا اور سعود شکیل شامل ہیں۔حارث رؤف، محمد رضوان، طیب طاہر اورشاہین شاہ آفریدی 16اگست کو لاہور پہنچ کر کیمپ جوائن کریں گے۔
آٹھ کھلاڑیوں عباس آفریدی، ابرار احمد، ارشد اقبال، محمد عمران جونئیر، محمد عمر،سفیان مقیم ، مہران ممتاز اور قاسم اکرم کو بھی کیمپ میں پریکٹس کےلیے مدعو کیا گیا ہے۔
قومی اسکواڈ 17 اگست کو سری لنکا کے لیے اڑان بھرے گا جہاں افغانستان کے خلاف تین ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔ لنکا لیگ کھیلنے والے کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کرکٹرز سری لنکا میں ہی قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔
یاد رہے کہ افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے 22، دوسرا 24 اور تیسرا 26 اگست کو کھیلا جائے گا۔

#colombo#pakafghanseries#pakturkenws#pakvsafg#serise#srialankaafghanistanPaksitan