برسلز (پاک ترک نیوز)
فلسطین نے یورپی یونین کے بعض ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کی خودمختاری کو تسلیم کرنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے درست سمت میں اچھا قدم قراردیا ہے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے منگل کے روز چار یورپی ممالک کے مشترکہ بیان کو سراہتے ہوئےاسے مثبت سوچ کا عکاس اورصحیح سمت میں ایک بڑا قدم قرار دیا۔
اسپین، آئرلینڈ، سلووینیا اور مالٹا کے رہنماؤں نے دو روز قبل فلسطین کو تسلیم کرنے کی تیاری پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے برسلز میں ایک سربراہی اجلاس کے موقع پر جاری کیے گئے ایک مشترکہ بیان میںکہا ہےکہ وہ وہ فلسطینی ریاست کو جنگ زدہ خطے میں "امن اور سلامتی کے حصول کا واحد راستہ” کے طور پر تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں ۔اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام دیرپا امن کے لئے مثبت کردار ادا کر سکتا ہے اور آج کے حالات اسکے لئے درست ہیں۔یورپی راہنماؤں نےبیان میں مزید کہا کہ دو ریاستی حل کے تحفظ اور امن کے حصول کے لیے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ایک اسٹریٹجک ضرورت ہے۔
انہوں نے ان ممالک پر زور دیا جو فلسطینی اراضی پر دہائیوں سے جاری اسرائیلی قبضے کی حمایت کرتے ہیں کہ وہ "تاریخ کے دائیں طرف اور بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے” اپنی پوزیشن کو تبدیل کریں۔
فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان ناکام ہونے والے امن مذاکرات کے درمیان فلسطینی اتھارٹی نے برسوں سے یورپ اور امریکہ سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔