لاہور(پاک ترک نیوز) حکومت کی جانب سے 15 روز میں مسلسل دوسری بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13روپے تک کمی کا امکان ہے ۔
پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 84 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 30 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمت 4.68 ڈالر کی کمی سے 99.37 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق وزیراعظم کی منظوری کے بعد 16مئی 2024 سے ہوگا۔
عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت میں 7.26 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی جس کے بعد عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت 98.99 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت پٹرول کی فی لٹر قیمت 288 روپے 49 پیسے اور ڈیزل کی 281 روپے 96 پیسے فی لٹر میں فروخت جاری ہے۔
یاد رہے کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کے طور پر 60 روپے فی لٹر بھی وصول کر رہی ہے جبکہ ڈیلرز کو دونوں مصنوعات پر 8.64 روپے فی لٹر کا مارجن مل رہا ہے۔