اسلام آباد(پاک ترک نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی وخوشحالی کیلئے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کےقومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا دن مناتے ہیں، قائداعظم کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے کیے گئے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے، خوشی ہے کہ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5فی صد کوٹہ مختص کیا ہے ، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نشستیں مختص کی گئی ہیں، غریب اور مستحق افراد کو مالی امداد، شادی کیلئے گرانٹس فراہم کی جارہی ہیں، اقلیتی طلباء کو تعلیمی وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت و دیکھ بھال کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ملکی ترقی وشحالی میں اقلیتوں کے شاندار کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا ، اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے کام کریں، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے مساوی مواقع فراہم کرے گا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔