پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13روپے سے زائد اضافے کا امکان

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) مہنگائی میں پسی عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کا فیصلہ ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لٹر 13روپے سے زائد اضافے کا امکان ہے ۔
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کی سمری حکومت کو بھجوا دی۔
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں سے متعلق دو تجاویز بھوائی ہیں ،پیٹرول اور ڈیزل پر دو سے 5 فیصد فی لیٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویزبھی شامل ہے۔
دو فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے پر پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جبکہ 5 فیصد جی ایس ٹی عائد ہونے کی صورت میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔
ڈیزل پر 5 سے 10 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے اور ڈیزل کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کی تجویز بھی بھجوائی گئی ہے۔
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی بھی تجوز دی ہے۔ گزشتہ 15 روز میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل تک رہی۔عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے بھی قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے تک ہونے کا امکان ہے۔

#diesel#financeminister#ishaqdar#islamabad#ogra#PakTurkNews#pirmeminister#shahbazsharifPetrolPrice