وزیراعظم 2 روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

ابوظہبی(پاک ترک نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔ ابوظہبی کے ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادی امور جناب عبداللہ طوق المری اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ وفد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ،وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، معاون خصوصی طارق فاطمی اور معاون خصوصی طارق باجوہ بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے، میاں شہباز شریف کی اماراتی رہنماؤں، تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی فنڈ کے چار رکنی وفد نے ملاقات کی ، وفد کی سربراہی سعودی فنڈ کے سی ای او سلطان المرشد نے کی، وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان کا شکریہ ادا کیا، ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، پاکستان سعودی عرب کی امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

#abudhbai#ishaqdar#khawajaasif#pakturknwes#saadrafiq#shahbazhsairf#unitedarabemriatesUAE