اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پی کے ایل آئی میں جدید ترین روبوٹک سرجری کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الحمدللہ ، پاکستان میں جگر اور گردے کے علاج کا جو بیج بویا تھا، اس نے پھل دینا شروع کر دیا ہے ۔پی کے ایل آئی بنانے کا بنیادی مقصد اہل وطن کو ملک کے اندر ہی جگر اور گردے کے جدید ترین علاج کی سہولت دینا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مریضوں کو جگر اور گردوں کے ورلڈ کلاس علاج کی مقامی سطح پر سہولت میسر آگئی ہے ۔پی کے ایل آئی پاکستان کا جان ہاپکنز بنے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار 2019 میں اپنے بھائی کو زیادہ تنخواہ دلانے کے چکر میں چکر نہ چلاتے تو آج پی کے ایل آئی کہیں آگے ہوتا۔پاکستان میں گردے اور جگر کے امراض میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، امید ہے پی کے ایل آئی سے ان امراض کو روکنے اور شرح اموات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔پاکستان میں گردے کے امراض سے وفات پانے والے مریضوں کی تعداد 2.77 فیصد ہے جسے روکنے کے لئے مزید اقداثکی ضرورت ہے ۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی جیسے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال اور علاقوں میں بھی بنائیں گے۔سابق حکومت اداروں اور سیاسی مخالفین کے خلاف روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کرتی رہی، ہم نے عوام کی بھلائی کے لئے استعمال کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت کی عالمی سطح کی سہولیات کی پاکستانیوں کو فراہمی اولین ترجیح ہے۔ 2018 میں عوام کی بھلائی کا جو سفر روک دیا گیا تھا، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔ عوام کی خدمت کے لئے جو بھی قیمت ادا کرنی پڑے ادا کروں گا، عوام کی خدمت کا راستہ نہیں چھوڑوں گا۔