امریکہ میں طلبہ کے مظاہروں پر جبرپریشان کن ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ (پاک ترک نیوز)
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطین کے حامی طلباء کے خلاف کریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اظہار اور پرامن مظاہروں کی ضمانت دینا "ضروری” ہے۔
منگل کی شب امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل گوٹیرس نے امریکہ میں طلباء کے احتجاج کو دبانے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یونیورسٹی کے حکام کو کیمپس میں جو کچھ دکھا یاجا رہا ہے اس کا صحیح طریقے سے انتظام کرنے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے کہا تھا کہ وہ فلسطین کی حمایت میں امریکہ میں یونیورسٹی کیمپس میں طلباء کے احتجاج کو منتشر اور ختم کرنے کے لیے کیے گئے انتہائی سخت اقدامات کے سلسلےپریشان ہیں۔
وولکر ترک نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے تشویش ہے کہ یونیورسٹیوں کی ایک سیریز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کچھ اقدامات غیر متناسب نظر آتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے حکام اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے اس طرح کے اظہار رائے کو محدود کرنے کے لیے کیے گئے کسی بھی اقدام کی احتیاط سے جانچ پڑتال کی جانی چاہیے۔
کچھ ناقدین پرتشدد جبر کو امریکی حکومت کی اسرائیل کی ہلاکتوں اور جنگی جرائم کی کھلے عام حمایت کرنے کی پالیسی کا حصہ قرار دیتے ہیں، جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس سے اسرائیلی حکومت کو کشیدگی پیدا کرنے، جنگ اور نسل کشی جاری رکھنے کی ترغیب ملے گی۔
نیو یارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں فلسطینیوں کے حامی کیمپ کو خالی کرنے کی پولیس کی کوشش کے بعد امریکہ کے کیمپس میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ جس کے نتیجے میں 1000 سے زائد طلباء کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔جبکہ برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا، ایران اور لبنان سمیت دیگر ممالک میں یونیورسٹی کے طلباء بھی اب اپنے امریکی ساتھیوں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔

#gaza#gazaprotest#PakTurkNews#protest#UN#unitednation#washintonAmerica