اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے۔پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے علاوہ صرف 2اراکین قومی اسمبلی میں باقی رہ گئے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے، جس کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کیے جائیں گے۔گزشتہ روز پی ٹی آئی کے 45اراکین نے استعفے واپس لینے کی درخواست کی تھی جس میں سے 43اراکین کے استعفے منظور ہوگئے۔
سپیکر آفس کے مطابق تحریک انصاف کے اب تک 123اراکین کے استعفے منظور کیے جا چکے ہیں، دو اراکین کے استعفے ان کی چھٹی کے درخواست کے باعث منظور نہیں کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف اراکین قومی اسمبلی کے استعفے بھی موصول ہوگئے۔
الیکشن کمیشن پی ٹی آئی ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے متعلق آج اجلاس میں فیصلہ کرے گا جبکہ پی ٹی آئی ارکان کی ڈی نوٹیفائی نہ کرنے درخواست کا بھی جائزہ لے گا۔
رہ9 رہے کہ پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس بند ہونے کے باعث گزشتہ روز استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر کو ای میلز کی تھیں جبکہ استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر کو خطوط بھی ارسال کیے گئے تھے۔
گزشتہ روز، پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی پہنچے تھے جہاں پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ بند ملا جس پر معلوم ہوا کہ شارٹ سرکٹ کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس 3 روز کیلئے بند ہے۔
پی ٹی آئی اراکین نے احتجاجاً پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا، پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ گیٹ بند کرنا ان کی بوکھلاہٹ ظاہر کرتی ہے، عمران خان نے ان کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔