اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سینیٹ میں 8فروری کو عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس کے دوران قرارداد خیبرپختونخوا سے آزاد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی۔
سینیٹر دلاور خان کی جانب سے قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کے بعض علاقوں میں شدید سردی کا موسم ہے، اس وجہ سے ان علاقوں کی الیکشن کے عمل میں شرکت مشکل ہے۔
سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ الیکشن کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے، چھوٹے صوبوں میں بالخصوص الیکشن مہم کو چلانے کیلئے مساوی حق دیا جائے۔
سینیٹر دلاور خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں صورتحال خراب ہے، جے یو آئی ف کے ارکان اور محسن داوڑ پر بھی حملہ ہوا، ایمل ولی خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو بھی تھریٹ ملے ہیں۔
قرار داد میں کہا گیا کہ الیکشن ریلی کے دوران انٹیلی جنس ایجنسیوں کے تھریٹ الرٹ ہیں، کووڈ کا معاملہ بھی اس وقت ہے، 8 فروری کے الیکشن شیڈول کو ملتوی کیا جائے، الیکشن کمیشن انتخابات ملتوی کرانے پر عمل کرے۔
نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور ن لیگ کے افنان اللہ نے قرار داد کی مخالفت کی۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میں سینیٹر دلاور خان کی وجوہات کو درست کرنا چاہتا ہوں، ملک میں سکیورٹی کے حالت ٹھیک نہیں لیکن 2008 اور 2013 میں حالات اس سے زیادہ خراب تھے، سکیورٹی کا بہانا کر کے الیکشن ملتوی کریں گے تو کبھی الیکشن نہیں ہوں گے۔
بعد ازاں سینیٹ نے سینیٹر دلاور خان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا۔