لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار ،سٹاک مارکیٹ نے 61ہزار کی تاریخی حد بھی عبور کرلی ۔
تفصیلات کےمطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 61 ہزار کی حد عبور کر گیا۔
کاروبار کا آغاز ہوتے ہی 100 انڈیکس میں 746 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے ساتھ ہی 100 انڈیکس 61 ہزار 476 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اس سے قبل کاروباری ہفتے کے پہلے روز سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس روزانہ بلند ترین سطح عبور کررہا ہے اور منگل کے روز بھی کاروبار کے دوران 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 60 ہزار 845 پر پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کا اختتام 918 پوائنٹس اضافے سے ریکارڈ 60 ہزار 730 پر ہوا تھا۔
امریکی کرنسی ڈالر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی کاروباری دن کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر کے نرخوں میں 60 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی کرنسی 285 روپے 60 پیسے پر ٹریڈ کررہی ہے۔