سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے لیے ای سی پی کو درخواست دے دی

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
آزاد حیثیت میں الیکشن جیتنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی شمولیت کے بعد سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) نے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کیا ہے۔
ایس آئی سی کی جانب سے اس مقصد کے لیے ای سی پی میں ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے۔جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ کم از کم 50 آزاد امیدواروں نے کامیابی کے بعد قاعد کے مطابق ایس آئی سی میں شمولیت اختیارکر لی ہے۔ چنانچہ ان آزادوں کو اب سنی اتحاد کونسل کے قانون ساز سمجھا جانا چاہیے۔ اور اسی بنا پر الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ عام نشستوں کی تعداد کے مطابق خواتین اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں ایس آئی سی کو الاٹ کی جائیں۔
قبل ازیںپیر کو ایس آئی سی اور مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنماؤں کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کےسربراہ بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی ایس آئی سی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔