ٹی20 ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاک بھارت ٹاکرا 9جون کو نیو یارک میں ہو گا

دبئی(پاک ترک نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا شیڈول جاری کردیا، روایتی حریف بھارت اور پاکستان کا ٹاکرا 9 جون کو نیویارک میں ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق ٹی20ورلڈ کپ 2024 کا پہلا میچ یکم جون جبکہ فائنل 29 جون کو کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ کی میزبانی امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ طور پر کریں گے ۔
20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے علاوہ گروپ اے میں میزبان امریکا، کینیڈا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نمیبیا، سکاٹ لینڈ اور عمان شامل ہیں، گروپ سی میں میزبان ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، افغانستان، یوگنڈا اور پاپوا نیو گینی اور گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیدرلینڈز اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ورلڈ کپ کا پہلا میچ یکم جون 2024کو ڈیلاس میں امریکا اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، دوسرا میچ 2 جون کو نمیبیا اور عمان کے درمیان بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ 20 ٹیمیں شامل کی گئی ہیں اور ان میں سے 10 ٹیمیں امریکہ میں پہلا میچ کھیلیں گی، لاؤڈیرہل، ڈیلاس اور نیویارک میں 16مقابلے ہوں گے، ویسٹ انڈیز میں مجموعی طور پر 41 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے نیو یارک کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں 9 جون کو دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہوگا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ 6 جون کو ڈیلاس میں امریکا سے شیڈول ہے، قومی ٹیم تیسرا میچ 11 جون کو کینیڈا سے نیویارک میں کھیلے گی اور چوتھا میچ فلوریڈا میں 16 جون کو آئرلینڈ کے ساتھ ہوگا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹکٹس کی فروخت چند دن میں شروع ہوگی اور آئی سی سی کو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے ریکارڈ آمدن کی توقع ہے۔

#icc#icct20worldcup2024#PakTurkNews#pakvsind#t20worldcup#westindiesAmericaDubai