الیکشن مذاکرات کا تیسرا دور منگل کو ہوگا ،بریک تھرو کا امکان

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان الیکشن کے معاملے پر مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوگیا ۔مذاکرات کا تیسرا دور منگل کو ہوگا۔حکومت اور پی ٹی آئی وفد کی ملاقات کے دوران پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ منگل کو بریک تھرو کا امکان ہے ۔
مذاکرات پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر 3 میں ہوئے ۔ حکومتی اور تحریک انصاف کی ٹیموں نے چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے بھی ملاقات کی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے امید ہے جلد کسی نتیجے تک پہنچ جائیں گے ۔ منگل کو تقریباً فائنل رائونڈ کے مذاکرات ہوں گے ۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے مذاکرات کا تیسرا دور منگل کو دن گیارہ بجے ہوگا۔
اس حوالے سے کشور زہرہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں کسی کی ہار جیت نہیں ہے ۔ امید ہے مذاکرات سے کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے ۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے ۔
تحریک انصاف کا وفد بجٹ سے پہلے اسمبلی تحلیل کی تاریخ کا خواہاں ہے۔ تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ حکومت بجٹ سے پہلے اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دے، یہ چیز سیاسی تناؤ میں فوری کمی لا سکتی ہے، اور مذاکراتی عمل ایک ہفتے میں مکمل ہوجانا چاہیے۔

حکومتی کمیٹی میں پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، نوید قمر، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ، لیگی رہنما ایاز صادق ، مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ اور ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی کشورہ زہرہ شامل ہیں۔شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی تین رکنی مذاکراتی کمیٹی میں فواد چوہدری اور سینیٹر علی ظفر شامل ہیں۔

گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا جس میں کوئی فیصلہ نہ ہوا تاہم دونوں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے اور دوبارہ بیٹھنے پر اتفاق کیا تھا۔
کل مذاکرات کے بعد صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ ٹی او آر پر بات ہوئی ہے۔ اصولی فیصلہ ہے آئین کے اندر رہ کر معاملے کو دیکھنا اور حل کرنا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی ٹی آئی جمعے کو اپنے مطالبات حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے رکھے گی، پی ٹی آئی کے مطالبات اپنی اپنی قیادت کے سامنے رکھیں گے اور پھر مشاورت کے بعد اپنا فیصلہ کریں گے۔

#elecations#fawadch#ishaqdar#islamabad#PakTurkNews#ptiIMFPakistan