پاکستان سے ایک لاکھ 60ہزار خوش نصیب حج کی سعادت حاصل کریں گے

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
پاکستان سے عازمین حج کی سعودی عرب روانگی کے لئے جار ی قبل از حج آپریشن کی تکمیل کے بعد ایک لاکھ 60ہزار سے زائد عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں ۔
سرکاری میڈیا کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں سال حج کے لئے سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو 179210عازمین کا کوٹہ دیا گیا تھا۔تاہم سپانسرشپ اسکیم کے 25ہزار عازمین کے کوٹے میں سے صرف 4ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ یوں تاریخ میں پہلی بار پاکستان نے اپنے حج کوٹے میں سے 20ہزار سے زائد نشستیں واپس کی ہیں۔گذشتہ اتوار کے روز مکمل ہونے والے سرکاری قبل از حج آپریشن میں 97,000 سے زائد پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔جبکہ نجی حج آپریٹرز کی جانب سے عازمین کو مکہ مکرمہ پہنچانے کا کام بھی سعودی حکومت کے طے کردہ شیڈول کے مطابق منگل کے روز مکمل ہو گیا تھا۔
وزارتِ مذہبی امور کی جاری کردہ معلومات کے مطابق حکومت نے حجاج کرام کی مفت خدمت کے لیے مکہ مکرمہ میں 375 ڈاکٹرز اور معاون طبی عملے اور 511 معاونین کو تعینات کیا ہے۔ پاکستان کے کل 179,210 عازمین حج کے کوٹے میں سے ملک کے تقریباً 160,000 عازمین فریضۂ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

#Pakistan_Pilgrims_160000_Blessed to perform Haj