ماسکو(پاک ترک نیوز)ترکیہ کےوزیر دفاع ہولوسی آکار نے اپنے شامی ہم منصب علی محمود عباس کے ساتھ 11 سال میں پہلی بار ماسکو میں ملاقات کی ہے۔جسے فریقین کی جانب سے تعمیری قرار دیا گیا ہے۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق ترک وزیر دفاع ہلوسی آکار کے ہمراہ نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (ایم آئی ٹی) کے سربراہ ہاکان فیدان گذشتہ روز بات چیت کیلئے روس کے دارالحکومت ماسکو گئے۔ شام اور روس کے انٹیلی جنس سربراہان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ تعمیری میٹنگ میں شامی بحران، پناہ گزینوں کا مسئلہ اور شام کی سرزمین پر تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ لڑائی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزاکرات میں ترکی، روس، شام کے وزرائے دفاع اور انٹیلی جنس سربراہان نے شام اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سہ فریقی اجلاس جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
دریں اثنا ان مذاکرات میں مزیدجن امور پر بات ہوئی اس کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔