ترکیہ کی حکمران جماعت اے کے پارٹی 23برس کی ہو گئی

استنبول (پاک ترک نیوز)

ترکیہ کی حکمران جماعت اے کے پارٹی اپنے قیام کی 23 ویں سالگرہ منا رہی ہے۔جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی)کی اپنے قیام سے آج تک کی مدت استحکام، ترقی اور انتخابی فتوحات سے عبارت ہے۔اے کے پارٹی کی 23ویں سالگرہ کی مناسبت سے پارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق14 اگست 2001 کو قائم ہونے والی اے کے پارٹی رجب طیب اردگان کی قیادت میں سیاسی اسٹیج پردھماکہ خیز انٹری دی۔ اور ایک برس بعد ہی پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے۔ اردگان پہلی بار 2003 میں وزیر اعظم منتخب ہوئے اورمسلسل تین مرتبہ اس عہدے پر فائز رہنے کے بعداب 2014 سے صدر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

اے کے پارٹی نے اپنے قیام کے بعد اب تک ہونے والے تمام سات عام انتخابات میں حصہ لیاجن میں 2002، 2007، 2011، 2015 ۔ جون 2018 میں اسنیپ انتخابات اورگذشتہ برس مئی 2023 میں  ہو نے والے تازہ الیکشن تک  ہر ایک میں فتح یاب ہو کر ابھری ہے۔

2001 میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ (AK) پارٹی کے قیام کے بعد سے ترک صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ بین الاقوامی اور علاقائی امور کے لیے کثیر جہتی اور فعال انداز اپناتے ہوئے عالمی سطح پر ایک نمایاں کھلاڑی کے طور پر ابھرا ہے۔ان برسوں کے دوران ترکیہ نے علاقائی معاملات میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے یورپی، ترکک اور مسلم ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کیے ہیں۔

صدر اردگان کے دور اقتدار کی سب سے نمایاں کار کردگی ترکیہ کی معاشی ترقی ہے ۔اے کے پارٹی نے ملک کی بیمار معیشت کو نہ صرف اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ بلکہ زلزلوں، کورونا جیسی عالمی متعدی بیماریوں اور اب اسکے معیشت پر برے اثرات سے ملک کو نکالنے کے لئے تاریخی کردار ادا کر رہی ہے۔

#AKParty_Turns_23