متحدہ عرب امارات میں گرمیوں میں کھلے مقامات پر کام کرنے پر پابندی عائد

ابوظہبی (پاک ترک نیوز)
متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن کے ماتحت صحت و پیشہ ورانہ سلامتی ادارے کے ڈائریکٹر ابراہیم العماری نے کہا ہے کہ امارات کے قوانین آجر کو اس بات کا حق دیتے ہیں کہ وہ موسم گرما کے دوران دوپہر میں کھلے مقامات پر ڈیوٹی پر پابندی کے دورانیے سے باہر یومیہ ڈیوٹی کے 8 گھنٹے مکمل کرائے۔
امارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ اگر کسی آجر نے ایک دن میں اپنے اجیروں سے آٹھ گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی لی تو اسے اوورٹائم دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پہلا ملک ہے جس نے مزدوروں کی صحت و سلامتی کے لیے دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر ڈیوٹی پر پابندی عائد کی ہے۔وزارت افرادی قوت دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر ڈیوٹی کی پابندی سے تین زمروں کے عملے کو استثنیٰ دیے ہوئے ہے۔ مفاد عامہ کے پیش نظر 3 کام ایسے ہیں جنہیں روکا نہیں جاسکتا۔ابراہیم العماری نے بتایا کہ کھلے مقامات پر ڈیوٹی کی پابندی سے جو تین کام مستثنیٰ ہیں ان میں سے ایک اسفالٹ مکسچر اور کنکریٹ ڈالنے کا کام ہے۔دوسرا کام فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کی اصلاح و مرمت، بجلی کیبل کی درستگی اور تیسرا مواصلاتی لائنوں کی خرابی کو دور کرنا ہے۔
اماراتی قانون کے تحت موسم گرما میں دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے سہ پہر تین بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لی جا سکتی۔
ملک میں دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر کام لینے پر 15 ستمبر تک پابندی عائد ہے۔

#PakTurkNews#workers#worldUAE