دی ہیگ (پاک ترک نیوز)
نیدرلینڈز اور ڈنمارک نے بعض شرائط پوری ہونے کی صورت میں یوکرین کو ایف 16 لڑاکا طیارے مہیّا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔تاہم اس کے لئے کوئی حتمی وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔
ڈچ وزیراعظم مارک روٹے نے اتوارکے روز اپنے بیان میں کہا ہے نیدرلینڈز کے پاس مجموعی طور پر 42 ایف 16 طیارے موجود ہیں لیکن یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ آیا یہ سب عطیہ کیے جائیں گے یا نہیں۔انھوں نے آئنڈہوون ملٹری ائیر بیس پر زیلنسکی کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ آج ہم اعلان کر سکتے ہیں کہ نیدرلینڈز اور ڈنمارک یوکرین کی فضائیہ کو ایف 16 طیاروں کی منتقلی کا عہد کرتے ہیں۔تاہم اس کے لئے منتقلی کی شرائط پوری ہونے کے بعد امریکا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تعاون بھی شامل ہے۔
اس موقع پریوکرین کے صدرولادیمیرزیلنسکی نے اس معاہدے کو ’’اہم‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملنے والے طیاروں کی صحیح تعداد کے بارے میںبعد میں طے کیا جائے گا۔یہ یوکرین کی مسلح افواج کو ایف 16 لڑاکا طیارے مہیّا کرنے کا پہلا حقیقی وعدہ ہےجو امریکا کی جانب سے نیدرلینڈز اور ڈنمارک سے یوکرین کو لڑاکا طیاروں کی ممکنہ ترسیل کی منظوری کے بعدعملی شکل اختیار کرنے جا رہا ہے۔
زیلنسکی یوکرین کے فضائی دفاع کو بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں کے حصے کے طور پر اتوار کو نیدرلینڈز پہنچے تھے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوسرے حصے میں ڈنمارک کا سفر بھی کریں گے۔ ڈنمارک کی وزارت خارجہ نے بھی قبل ازیں ایک بیان میں ایف 16 طیارے مہیا کرنے کے وعدے کی تصدیق کی ہے۔جبکہ ہفتے کے روز زیلنسکی سویڈن میں تھے جہاں انھوں نے گریپن جیٹ طیارے حاصل کرنے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
گیارہ ممالک پر مشتمل اتحاد کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ڈنمارک اور رومانیہ میں یوکرینی ہوابازوں اور تکنیکی ماہرین کو ایف 16 لڑاکا جیٹ اڑانے اور دیکھ بھال کی تربیت دی جائے گی۔اس ضمن میںیوکرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس کےدرجنوں پائلٹوں کو تربیت دی جائے گی۔تاہم اس نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ اسے یہ توقع نہیں کہ وہ اس موسم خزاں یا موسم سرما میں ایف-16 لڑاکا جیٹ استعمال کرنے کے قابل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ نیدرلینڈز یوکرین کو ایف 16 طیارے مہیا کر سکتا ہے کیونکہ اس کی فضائیہ امریکہ سے نئے ایف 35 لڑاکا طیارے حاصل کررہی ہے۔