باکو (پاک ترک نیوزز)
آذربائیجان اقوام متحدہ کے ماہرین کے ایک گروپ کو "چند دنوں میں” کاراباخ کے علاقے کا دورہ کرنے کی اجازت دے گا۔جبکہ میڈیا کو بھی کاراباخ کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا۔
اس بات کا اعلان آذربائیجان کے صدارتی دفتر نےگذشتہ روز جاری ہونے والے بیان میں کیا ہے۔ اس ضمن میںامریکہ اورمغربی دنیا نے باکو سے بین الاقوامی مانیٹروں کو کاراباخ میں جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے پہلے ہی کہا تھا کہ کاراباخ کے آرمینیائی باشندوں کے حقوق کا مکمل احترام کیا جائے گا ۔ علیئیف نے منگل کے روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو ایک فون کال میں بتایا تھاکہ ان کی افواج نے انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے دوران صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جو 24 گھنٹے سے بھی کم جاری رہے۔ اور عام شہریوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
اس ماہ کے شروع میں، آذربائیجان نے کاراباخ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے سریع الحرکت حملہ کیا اور مطالبہ کیا کہ علاقے میں آرمینیائی علیحدگی پسند اپنے ہتھیار ڈال دیں اور علیحدگی پسند "حکومت” خود کو ختم کر دے۔ جس کے بعد علیحدگی پسندوں نے اعلان کیا کہ ان کی "جمہوریہ” کا وجود جنوری 2024 میں ختم ہو جائے گا۔