بیروت (پاک ترک نیوز)
حماس کے ساتھ ساتھ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر کشیدگی میں کمی کے لئے امریکی اعلیٰ عہدیدار آموس ہوچسٹین خطے کے دورے کے پہلے مرحلے میں اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جس کے بعدوہ لبنان کا دورہ کریں گے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سینئر امریکی سفارت کار نے اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے اور بعد میں وہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے واشنگٹن کی طرف سے کیے جانے والے دباؤ کے ایک حصے کے طور پر لبنان کا دورہ کریں گے۔
امریکی ایلچی آموس ہوچسٹین پیر کو اسرائیل پہنچے اور وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو، صدر اسحاق ہرزوگ اور وزیر دفاع یوو گیلنٹ سے بات چیت کی۔
گیلنٹ کے دفتر نے کہا ہےکہ وزیر نےاسرائیل کی شمالی سرحد پرصورتحال کا جائزہ فراہم کیا۔ جس میں حزب اللہ کی طرف سے اسرائیل کی شمالی کمیونٹیز کے خلاف روزانہ کیے جانے والے حملوں اور حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو ناکام بنانے کے لیےاسرائیلی فوج کی کوششوں کی تفصیلشامل تھی۔
ہوچسٹین کا دورہ اسرائیل اور لبنانی گروپ حزب اللہ کے درمیان جنگ کے بڑھتے ہوئے خدشات کی وجہ سے ہو رہاہے جو ممکنہ طور پر ایک وسیع تر علاقائی تنازع کا باعث بن سکتا ہے۔