لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے لکھا کہ ایک ناقابل یقین سفر کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، فیملی، کوچز، کا شکریہ جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔
فاسٹ بائولر نے مزید کہاکہ مینٹورز، ساتھیوں، مداحوں اور ہر کسی کا جس نے مجھے سپورٹ کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں فرنچائز کرکٹ کی دنیا میں دلچسپ وقت آنے والا ہے۔
وہاب ریاض نے 27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 83، 120 اور 34 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
یاد رہے کہ وہاب ریاض ان دنوں پنجاب حکومت کے نگران وزیر ہیں، وہ کافی عرصے سے ٹیم سے باہر تھے تاہم انہوں نے متعدد بار ٹیم میں کم بیک کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا۔