اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتی رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے منرل سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے معاشرہ تقسیم ہوچکا ہے۔ لوگوں کے ذہنوں میں زہر گھول دیا گیا ہے۔ کیا اس صورتحال میں ملک کی ترقی کے لیے کام کیا جاسکتا ہے اس کا جواب نہیں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تھر کول دنیا کے بڑے کوئلے کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ریکوڈک کا منصوبہ ملک کی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ گزشتہ 75 سال میں ہم نے اپنی قیمتی دولت پر توجہ نہیں دی۔ کیا ہم کسی کارٹیل یا سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار تھے ۔ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔ باتیں بہت ہوگئیں اب ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ لوگوں کی کرپشن کو نظر انداز کیا گیا۔ نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتی رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اب کوئی آُپشن نہیں رہ گئی ہے۔ پاکستان جوہری طاقت ہے تاہم یہ طاقت کسی کے خلاف استعمال کے لیے نہیں۔ ہمارے پڑوسیوں کو سمجھنا چاہیے کہ امن کے ساتھ رہا جائے اور مسائل کے حل کے لیے بامقصد مذاکرات کیے جانے چاہئیں۔ غربت کے خلاف اور عوام کے مفاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔