کینیڈا امیگریشن کے لیے آپ کس کیٹیگری میں اپلائی کر سکتے ہیں؟

(سید اعجاز گیلانی)

 

کینیڈا رقبے کے لحاظ سے روس کی ریاستوں کی الگ حیثیت کے بعد دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ کینیڈا کو موجودہ دنیا کے پرامن اور فلاحی ممالک میں ممتاز مقام حاصل ہے۔ یہ معدنی وسائل سے مالامال ملک ہے جہاں دنیا بھر میں سب سے زیادہ پانی کے ذخائر موجود ہیں۔ ملٹی کلچرل ازم کینیڈا کی خاص پہچان ہے جہاں مختلف ذات پات ،قومیتوں اور رنگ و نسل کے لوگ پر امن طریقے سے رہتے ہیں اور سب کو یکساں شہری حقوق حاصل ہیں۔

کینیڈا کی آبادی لگ بھگ ساڑھے تین کروڑ ہے۔ کینیڈا میں بزرگ افراد ملازمتیں چھوڑ رہے ہیں اور ان کے جانے سے معیشت میں پیدا ہونے والا خلا پر کرنے کے لیے کینیڈا حکومت نے امیگریشن کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیگریشن کینیڈا کی معیشت اور معاشرت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ یہ ملک تعلیم یافتہ اور پیشہ ور افراد کے ساتھ ساتھ کم پڑھے لکھے اور لیبر ورک کرنے والوں کو بھی اپنے ملک میں کام کرنے اور شہریت حاصل کرنے کا پورا موقع فراہم کرتا ہے۔ اسی لیے کینیڈا کو Land of Opportunities بھی کہا جاتا ہے۔

کینیڈا امیگریشن کے لیے آپ کس کیٹیگری میں اپلائی کر سکتے ہیں؟ 

کینیڈا کی امیگریشن منسٹری نے اس مقصد کے لیے مختلف کیٹگریز بنا رکھی ہیں جن کے تحت لوگ اپلائی کرتے ہیں۔ زندگی کے جس شعبہ میں آپ تعلیم اور مہارت رکھتے ہوں آپ اُسی شعبہ میں ہی اپلائی کریں گے تو آپ کی کامیابی آسان ہوجاتی ہے۔ اس لئے آپ سب سے پہلے اپنے لیے کیٹیگری کا انتخاب کریں گے۔ پھر آپ متعلقہ کیٹگری کے تحت درکار تعلیم ، مہارت اور تجربہ کے ثبوت پورے کرتے ہوئے اپلائی کردیں گے۔

اگر آپ کے پاس اچھی تعلیم ہے تو آپ کینیڈا کی شہریت آسانی سے حاصل کر پائیں گے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے پاس اچھی تعلیم نہیں مگر آپ کے پاس کوئی پیشہ ور فنی مہارت ہے جیسے ڈرائیونگ، میکینک ، ٹیکنیشن ، باغبانی یا اسی طرح کی کوئی اور مہارت جو کسی انسانی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر ہے تو آپ کینیڈا جانے اور وہاں کی شہریت کے لئے درخواست دےسکتے ہیں۔

کینیڈا میں مہارت کی بنیاد پر امیگریشن کی تفصیل درج ذیل ہے:

منیجرز کی سطح کی مہارت:

اس درجہ میں وہ لوگ اپلائی کر سکتے ہیں جن کے پاس انتظامی اُمور سنبھالنے کا تجربہ ہو۔ جیسے ہوٹل منیجر، بنک منیجر، ریسٹورنٹ منیجر ، لیبر سُپر وائزر اور اسی طرح کے دیگر کاروباری منیجرز وغیرہ ۔

پیشہ ور ڈگری ہولڈر:

اس کے تحت وہ لوگ اَپلائی کر سکتے ہیں جن کے پاس کوئی پروفیشنل ڈگری ہو؛جیسے ڈاکٹر، انجینیر، اکاؤنٹنٹ، سافٹ وئیر ڈویلپر، پروفیسر، ٹیچر، کمپیوٹر سائنٹسٹ اور اِسی طرح کے دیگر پروفیشنل ڈگری ہولڈرز، یہ تمام لوگ مہارت کی کیٹیگری (اے ) کے زمرے میں آئیں گے۔

ڈپلومہ ہولڈر:

مہارت کی اس کیٹیگری میں پروفیشنل لوگوں کا وہ طبقہ اپلائی کر سکتا ہے جس کے پاس کسی ٹیکنیکل ادارے سے ٹیکنیکل ڈپلومہ یا سرٹیفیکیٹ ہو، جیسے پلمبر، الیکٹریشن، موٹر میکینک ، اے سی ٹیکنیشن، باورچی، کمپیوٹر آپریٹر اور اسی طرح کے دیگر پیشہ ور لوگ جنہوں نے کسی ادارے سے کسی ہنر میں ڈپلومہ یا سرٹیفیکیٹ لیا ہو۔

تجربہ کار لیبر ورکر:

مہارت کی اس کیٹیگری میں وہ لوگ آتے ہیں جن کے پاس نہ تو کوئی ڈگری ہوتی ہے، نہ ڈپلومہ ، نہ سرٹیفیکیٹ مگر یہ لوگ کسی نہ کسی کام کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ جیسے گوشت کاٹنے والے، جانور ذبح کرنے والے، ہوٹل پر کام کرنے والے، سجاوٹ کرنے والے، کھانا تیار کرنے والے ، کھانا گاہکوں کو سرو کرنے والے، ٹرک ڈرائیورز، موٹر ڈرائیورز ،جوتے مرمت کرنے والے، حجام ،پیکنگ کا کام کرنے والے، روٹیاں پکانے والے ۔ یہ تمام لوگ مہارت کی کیٹیگری (سی) کے تحت اپلائی کر سکتے ہیں ۔

لیبر ورکر:

اس کیٹگری کے تحت وہ لوگ اپلائی کرسکتے ہیں جن کے پاس کسی قسم کی کوئی مہارت یا پروفیشنل ڈگری نہیں ہوتی۔ البتہ اِس کیٹگری کے تحت اپلائی کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ جسمانی طور پر میڈیکلی فِٹ ہوں اور اچھی صحت کے ساتھ ساتھ چست اور توانا بھی ہوں تا کہ لیبر ورک آسانی کر سکیں کیونکہ کینیڈا کی جابز پر سست ورکرز کو برداشت نہیں کیا جاتا۔ گھنٹہ کے حساب سے اجرت ادا کرنے کے عوض پورا وقت کام بھی لیا جاتا ہے۔

(سید اعجاز  گیلانی پیشے کے اعتبار سے صحافی ہیں۔ 20 سال سے  کینیڈا میں مقیم ہیں جہاں انہوں نے کمیونٹی سپورٹ اور امیگرنٹ سیٹلمنٹ کے شعبوں میں نمایاں کام کیا ہے۔ کینیڈا کی وزٹ ویزہ، امیگریشن، تعلیم اور ملازمت کے مسائل اور ان کے حل پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ اردو کینیڈا آفیشل نام سے فیس بک اور یوٹیوب پر ویڈیوز کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ ان شعبوں میں آگاہی اور راہنمائی دی جا سکے ۔ ان کے پیج وزٹ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔)
https://www.youtube.com/@UrduCanadaOfficial
https://www.facebook.com/urducandaofficial

#canada#immigration#PakTurkNews#visa