پاکستان کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں ؟ وزیراعظم نے ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد (پاک تر ک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے سے متعلق فیصلے کیلئے ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دے دی۔ہائی پروفائل کمیٹی کی سربراہی وزیرخارجہ بلاول بھٹو کو سونپی گئی ہے ۔دیگر ارکان میں وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ، اعظم نذیر تارڑ، مریم اورنگزیب، احسان مزاری، اسعد محمود اورامین الحق شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں، کمیٹی اس حوالے سے بھارت میں ورلڈ کپ سے متعلق تمام امور پر سفارشارت مرتب کر کے وزیراعظم کو بھجوائے گی جو پی سی بی کے پیٹرن ان چیف ہیں۔
قمرزمان کائرہ اور طارق فاطمی بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، قومی سلامتی اداروں کے سربراہان اور سیکرٹری خارجہ کو بھی اس ہائی پروفائل کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم کی شرکت سے متعلق سفارشارت مرتب کیے جانے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ اس بڑے ایونٹ میں کھیلا جائے گا یا نہیں۔
یاد رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہو رہا ہے، بڑے ایونٹ میں پاک بھارت کے درمیان ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔

#islamabad#PakTurkNews#pakvsind#primemnister#shahbazsharif#worldcup2023