ورلڈ کپ: پاکستان کا جنوبی افریقہ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

چنئی(پاک ترک نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023کے 26 ویں میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقۃ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
میچ بھارتی شہر چنئی کے چدم برم سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں پاکستانی ٹیم کی قیادت بابراعظم جبکہ پروٹیز کی کمان ٹیمبا باووما کے ہاتھوں میں ہے۔
پاکستان نے ورلڈ کپ میں آج جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔حسن علی اور اسامہ میر کو آج کا میچ نہیں کھلایا گیا ان کی جگہ وسیم جونیئر اور محمد نواز کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کیلئے آج کا میچ کرو یا مرو کی صورتحال اختیار کر گیا ہے کیونکہ میچ ہارنے کے باعث پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام امیدیں دم توڑ جائیں گی، جیتنے پر بھی اگلے مرحلے میں جانے کیلئے آسٹریلیا کے آئندہ ہونے والے میچز پر انحصار کرنا ہو گا۔
پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں 5 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں کامیاب ہوئی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جنوبی افریقہ بھی 5 میچز کھیل کر 4 میں کامیاب اور صرف ایک میں ناکام ہوئی ہے۔
جنوبی افریقہ کیخلاف آج ہونے والے اہم میچ سے قبل قومی کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی جبکہ کئی کھلاڑیوں نے آرام کو ترجیح دی تاکہ میچ میں تازہ دم ہو کر ایکشن میں ہوں، آپشنل ٹریننگ سیشن میں ورلڈ کپ پلیئنگ سکواڈ کے 8 اور ریزرو کے تینوں پلیئرز نے حصہ لیا۔
پاکستان کے ساتھ ون ڈے میں باہمی ریکارڈ کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، دونوں کے درمیان 82 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں 30 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ 51 میچز جنوبی افریقہ نے جیتے ہیں اور ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔

ورلڈ کپ میچز میں بھی پروٹیز کو گرین شرٹس پر برتری حاصل ہے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 5 بار آمنے سامنے آئیں، 3 میچز میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں جیت پاکستان نے اپنے نام کی۔

#chennai#iccworldcup202#PakTurkNews#pakvssa#Savspak#worldcup202india