اسلام آباد میں پاک سعودی عرب دو روزہ سرمایہ کاری کانفرنس

اسلام آباد (پا ک ترک نیوز) اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو روزہ سرمایہ کاری کانفرنس شروع ہو گئی ۔
اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا کہ پاکستان ایک بڑا سٹریٹجک شراکت دار ہے۔
نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا کہ سعودی حکومت اور سعودی کمپنیاں پاکستان کو اقتصادی سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کے حوالے سے ترجیح دیتی ہیں۔
سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ ’آج ہم آپ سب کو جوڑنا چاہتے ہیں کیونکہ سعودی کمپنیوں کی کامیابیوں کی کہانیاں شریک کرنے کے لیے موجود ہیں۔‘
سعودی کمپنیاں بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی کو جاری رکھنا چاہیں گی اور ’ہم پاکستان کو اپنے ایک اہم بین الاقوامی شراکت دار کے طور پر دیکھنا چاہیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب 20 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کا گھر ہے۔ بہت سے پاکستانیوں نے نمایاں طور پر وژن 2030 میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ہماری تاریخ میں وژن 2030 کے تحت مملکت میں جامع تبدیلیاں آ رہی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، پاکستان میں پرجوش استقبال پر شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں اس سے قبل وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ سے پاکستان کی کرنسی میں استحکام آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں اور پرائیویٹ سیکٹر کو آگے بڑھنا چاہیے۔بہترین معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں معاشی استحکام آ رہا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم و فوکل پرسن پاک سعودی شراکت داری ڈاکٹر مصدق ملک نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری روابط کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔‘
تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ باہمی تعلقات کو مزید سودمند اور مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہنرمند اور ماہر افراد سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم کے مطابق پاکستان میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور سعودی عرب تیل کے وسیع ذخائر رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کواپنا بڑا بھائی سمجھتا ہے۔مصدق ملک کے مطابق گوادر مستقبل میں پوری دنیا کے لیے تجارتی راہداری کا بڑامرکز بننے جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مذہبی سیاحت کا فروغ چاہتا ہے۔ پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ ملک میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا ایک ایسا فورم موجود ہے جس کی وجہ سے سرخ فیتے کی رکاوٹیں اب ختم ہو گئی ہیں،اور سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولتیں اور آسانیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزارت تجارت کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 10 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More