پختونخوا میں بارش کا سلسلہ جاری، تودے گرنے سے بچوں سمیت 8افراد جاں بحق

پشاور(پاک تر ک نیوز) خیبر پختونخوا میں صوبائی دارالحکومت سمیت متعدد علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران مکان کی چھت پر تودے گرنے کے الگ واقعات میں بچوں سمیت 8افراد جاں بحق ہو گئے۔
پشاور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جس سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ بالائی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے ان علاقوں کا رابطہ دیگر سے منقطع ہو گیا۔
بند رستوں کو کھولنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، تاہم مسلسل برف باری کام میں رکاوٹ اور سست روی کی وجہ بن رہی ہے۔
دیر لوئر کے علاقے میں ایک گھر کی چھت پر مٹی کا تودہ گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے تلے 4 افراد کے دب جانے کی اطلاع تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے تین لاشوں اور ایک زخمی کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ زاہد ولد شیر مولا سکنہ نگری بالا تالاش، 23 سالہ زوجہ زاہد، 5 سالہ حریرہ جب کہ 3 سالہ طفلہ ارحم عمر زخمی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ غاخی کنڈؤ ماموند میں تیز بارش کی وجہ سے کچے مکان کے کمرے کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر اور میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور مقامی افراد کے ساتھ مل کر بچوں کو ملبے سے نکال دیا۔
مالاکنڈ میں امدادی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کی نتیجے میں بٹ خیلہ خٹکے قبرستان کے قریب مکان کی چھت گر گئی، جس میں 5 افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے نور رحمان، زوجہ نور رحمان، 10 سالہ گلالئی، 7 سالہ حورا اور 5 سالہ ماہ نور کو تشویشناک حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے زوجہ نور رحمان اور 5 سالہ بیٹی ماہ نور کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
گاؤں آلہ ڈھنڈ ڈھیری سرو کوٹو میں مکان کی چھت گرنے کی اطلاع ملی، جس میں 3خواتین ملبے تلے دب گئیں۔ ریسکیو اہل کاروں نے تینوں کو نکال کر ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More