یو اے ای میں بارشوں کا 75سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نظام زندگی درہم برہم

دبئی (پاک ترک نیوز ) متحدہ عرب امارات (یو اے ای )میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی ،ملک میں بارشوں کا75سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
یو اے ای میں حکام نے شدید بارشوں اور ژالہ باری کے بعد بیشتر علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زاید روڈ کے متعدد حصے بند کردیے گئے، کئی گھنٹوں سے شدید ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔آسمانی بجلی گرنے اور اولے پڑنے کی پیش گوئی کے باعث اماراتی حکام نے نئی ایڈوائزری جاری کردی، جس میں عوام کو غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
یو اے ای میں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت دیگر ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، درجنوں میٹرو سٹیشنز اور انڈرپاس پانی سے بھر گئے۔
بارش کے باعث فلائٹس آپریشن بھی متاثر ہوا، سیکڑوں فلائٹس تاخیر کا شکار ہونے کے باعث ہزاروں مسافر پھنس گئے ، الکوا کے علاقے میں بڑے پیمانے پر لینڈسلائیڈنگ ہوئی جبکہ راس الخمیہ میں ایک شہری ریلے میں بہہ گیا۔
متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہ سکتا ہے، غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے سکولوں کے اوقات کار بھی متاثر ہوئے ہیں، تعلیمی اداروں میں تعطیل اور آن لائن کلاسز کی ہدایت کی گئی ہے۔
دبئی کی سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ خراب موسم نے خلیجی جزیرہ کے دیگر مقامات کو متاثر کیا، بشمول عمان، جہاں حالیہ دنوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے کم از کم 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشین چیمپئنز لیگ فٹبال کا سیمی فائنل متحدہ عرب امارات کے العین اور سعودی ٹیم الہلال کے درمیان العین میں ہونے والا تھا جسے موسم کی خرابی کی وجہ سے 24 گھنٹے کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More