ایری زونا (پاک ترک نیوز) امریکہ کی ریاست ایری زونا میں 1864 سے عائد اسقاط حمل پر پابندی ختم کرنے کا بل 14 کے مقابلے میں 16 ووٹوں سے منظور کرلیا گیا۔
بل گورنر کیٹی ہابز کو پیش کردیا گیا ہے جو اس پر دستخط کریں گی۔دو ری پبلکنز بھی ایری زونا کی سینیٹ میں پیش بل کی حمایت میں شامل تھے، اس طرح اس بل کو 14 کے مقابلے میں 16 ووٹوں سے منظور کیا گیا۔
یاد رہے کہ ایری زونا میں خانہ جنگی دور سے ہر قسم کے اسقاط حمل پر پابندی لگی ہوئی ہے، سوائے اس صورت میں جب مریض کی جان بچانا مقصود ہو۔واضح رہے کہ اس سے قبل فرانس بھی اسقاط حمل کے حق کو آئینی تحفظ دینے والا دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے۔
فرانسیسی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ نے 1958 کے آئین میں ترمیم کے لیے ووٹ دیا گیا تھا۔72 کے مقابلے میں 780 ووٹوں سے ترمیم منظور کی گئی تھی، اس ترمیم میں خواتین کے لیے اسقاط حمل کے حق کی ’ضمانت‘ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فرانس میں 1975 سے ہی اسقاط حمل کو قانونی حیثیت مل چکی تھی، مگر سروے سے پتہ چلتا ہے کہ تقریباً 85 فیصد عوام نے اسقاط حمل کے حق کے تحفظ کے لیے آئینی ترمیم کی حمایت کی۔