توسیعی فنڈ سہولت کے لئے آئی ایم ایف سے آئندہ ماہ بات چیت ہوگی، وزیر خزانہ

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے معاملے پر اگلے ماہ واشنگٹن میں بات چیت کی جائے گی کیونکہ ملک مکمل پیمانے پر معاشی بحران کو ختم کرنے کی طرف دیکھ رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے گذشتہ روز میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم نےآئی ایم ایف کے ساتھ ای ایف ایف میں اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے لیکن اسکی مالیت کیا ہو گی یہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرض دہندہ کا ہماری ابتادئی درخواست پرردعمل انتہائی امید افزا تھا۔جبکہ اس معاملے میں امریکہ بھی ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دوسری بار حلف اٹھانے کے بعد اپنی فنانس ٹیم کو ہدایت کی تھی کہ وہ آئی ایم ایف سے ای ایف ایف حاصل کرنے کے لیے کام شروع کرے۔
گزشتہ موسم گرما میں عالمی قرض دہندہ کے ریسکیو پیکج نے پاکستان کو خودمختار ڈیفالٹ کو روکنے میں مدد کی تھی لیکن اسے معیشت کو محفوظ بنانے کے لیے اپنے بجٹ پر نظر ثانی کرنا پڑی اور شرح سود، ٹیکس، اور بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔نتیجے کے طور پر اس عرصے کے دوران ملک کو 38 فیصد تک افراط زر، کرنسی میں تاریخی گراوٹ اور معیشت کے سکڑاؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
محمداورنگزیب نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی مارکیٹ میں بانڈز کی طرف بھی دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران پانڈا بانڈز پر کام ہو رہا ہے۔اورایک بار جب ہماری کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہو جائے گی تو ہم بانڈز کے لیے بین الاقوامی مارکیٹ میں جائیں گے۔
وزیر خزانہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کا فائدہ اٹھانے کے بھی خواہاں ہیں اور اس سے قبل انہوں نے چینی بانڈ مارکیٹ میں بھی حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔البتہ اب انہوں نے کہا ہےکہ پاکستان اس سال پانڈا بانڈز میں 300 ملین ڈالر تک فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More