اسلام آبا د (پاک ترک نیوز) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سپیل کا آغاز 13جولائی سے ہو گا جو کہ 17جولائی تک جاری رہے گا ۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کردیا۔
بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 12 جولائی کی شام تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوجائیں گی۔ مون سون کا یہ سلسلہ 14 جولائی تک مزید شدت اختیار کر جائے گا۔ 14 جولائی کو مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں بھی داخل ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 جولائی سے 17 جولائی کے دوران وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، مری اور گلیات میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، قصور اور اوکاڑہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
13 جولائی کی شام سے 17جولائی کے دوران گلگت بلتستان کے علاقوں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ ہری پور، پشاور، مردان، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، صوابی، نوشہرہ، کرم، لکی مروت اور کوہاٹ میں بھی بادل برسیں گے۔
14 جولائی سے 16 جولائی کے دوران سندھ کے شہر سکھر، جیکب آباد، نگرپارکر، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور میرپور خاص میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔