بیروت(پاک ترک نیوز) لبنان اور اسرائیل سمندری سرحد کے تعین کے تاریخی معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔ اس حوالےسے دونوں ممالک کے مذاکرات کاروں کا کہنا ہے کہ لبنان اور اسرائیل گیس سے مالا مال بحیرہ روم میں طویل عرصے سے جاری سمندری سرحدی تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے ایک "تاریخی” معاہدے پر پہنچ گئے ہیں۔
لبنان کے ڈپٹی سپیکر الیاس بو صاب نے بدھ کے روز امریکہ کی ثالثی میں اس معاہدے کا حتمی مسودہ صدر میشل عون کو پیش کرنے کے بعد کہا کہ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس سے دونوں فریق مطمئن ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لبنان نے اپنے مکمل حقوق حاصل کر لیے ہیں، اور اس کے تمام ریمارکس کو مدنظر رکھا گیا ہےانہوں نے مزید کہا کہ حتمی مسودہ "لبنان کی تمام ضروریات کو مدنظر رکھتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ دوسرے فریق کو بھی ایسا ہی محسوس کرنا چاہیے۔
لبنان کی صدارت نے امید ظاہر کی کہ "حد بندی کے معاہدے کا جلد از جلد اعلان کر دیا جائے گا”۔ عون نے پہلے کہا تھا کہ معاہدہ اسرائیل کے ساتھ "شراکت داری” کی علامت نہیں ہوگا۔ دونوں ممالک تکنیکی طور پر حالت جنگ میں ہیں۔