امریکہ جلد 16طیاروں کے فروخت کی منظوری دیدے گا، ترکیہ

انقرہ(پاک ترک نیوز) ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان کے ترجمان ابراہیم قالن نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا جلد ایف 16 لڑاکا طیاروں کے فروخت کی منظوری دیدے گا۔ترجمان ابراہیم قالن نے مزید کہا کہ صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ کی مخلصانہ کوششیں ثمر لے آئیں گی۔
ترک صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا سے ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فراہمی کا عمل دو ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔ اب تک تمام معاملات درست طریقے سے چل رہے ہیں۔
ترکیہ نے 40 عدد ’’ایف 16‘‘ لڑاکا طیارے اور اپنے موجودہ 80 جنگی طیاروں کے ماڈرنائزیشن کٹس کی خریداری کے لیے گزشتہ برس امریکا سے درخواست کی تھی۔
خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے دفاعی میزائل سسٹم نظام خریدنے پر ترکیہ کے ساتھ طے پانے والے ایف-16 طیاروں کی فراہمی، تربیت اور جدت کے معاہدے پر عمل درآمد سے انکار کردیا تھا۔
تاہم امریکا کی نئی حکومت نے دوبارہ اس معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ترکیہ سے گفت و شنید شروع کی اور دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر بات بنتی نظر آرہی ہے۔

#f16#fighter#jet#PakTurkNews#turkiaAmericaturkey