امریکی کمپنی فورڈ کی ترکی میں 2.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی جلد ہی الیکٹرک کاریں تیار کرنے والا دنیا کا بڑا ملک بن جائے گا۔ وہ ترکی کے شہر کوجیلی میں الیکٹرک کاروں میں استعمال ہونے والی بیٹری کے پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

گاڑیاں تیار کرنے والی امریکی کمپنی فورڈ اوٹوسین نے ترکی کی ایک مقامی کوش ہولڈنگ کے ساتھ مل کر کوجیلی میں 2.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ الیکٹرک کاروں میں استعمال ہونے والی بیٹریز کے پلانٹ سے ترکی کے انجینئرز کے لئے نئی راہیں کھل گئی ہیں۔

ترکی میں اس پلانٹ میں پیداواری کام شروع ہونے کے بعد فورڈ کی الیکٹرک کاروں کی سالانہ پیداوار میں دو لاکھ گاڑیوں کا اضافہ ہو جائے گا۔ اس وقت فورڈ کی الیکٹرک کاروں کی سالانہ پیداوار 4 لاکھ 40 ہزار ہے جو جلد ہی 6 لاکھ 50 ہزار یونٹس تک پہنچ جائے گی۔

صدر ایردوان نے کہا کہ امریکی کمپنی فورڈ اور جرمن کمپنی واکس ویگن کے درمیان ہونے والے معاہدے سے ترکی میں ایک ٹن والی کمرشل گاڑیوں کی پیداوار بھی شروع ہو گی۔

کوجیلی میں الیکٹرک بیٹری تیار کرنے والا پلانٹ 2022 میں مکمل ہو گا اور یہاں سے کمرشل پیداوار آئندہ سال شروع ہو گی۔ اس پلانٹ سے دو لاکھ 10 نیو جنریشن کمرشل وہیکلز اور ایک لاکھ 30 ہزار بیٹریاں سالانہ تیار کی جائیں گی۔

کوجیلی پلانٹ میں یورپ میں فورڈ کا سب سے بڑا پلانٹ ہے۔ ترکی اور امریکی اشتراک سے کوجیلی کار پلانٹ میں الیکٹرک کار کے پانچ ماڈلز "ایس یو وی، سیڈان، سی پیچ بینک، بی ایس یو وی اور بی ایم پی وی” تیار کئے جائیں گے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود ترکی نے گذشتہ مالی سال میں 25 ارب ڈالر کی گاڑیاں ایکسپورٹ کیں۔ 2020 میں ترکی نے دنیا کے 180 ممالک کو 9 لاکھ گاڑیاں برآمد کیں۔

حکومت نے دسمبر میں آٹو انڈسٹری میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کے لئے کسٹم ڈیوٹی ، ویلیو ایڈڈ ٹیکس ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ری فنڈ اور دیگر ٹیکسوں میں کٹوتی کا اعلان کیا تھا۔

امریکی کمپنی فورڈ نے کہا ہے کہ ترکی کے کوجیلی پلانٹ میں 2023 سے یورپی مارکیٹ کے لئے الیکٹرک ٹرانزٹ وین تیار کی جائے گی۔

CarsFordInvestmentPresidentturkey