ترکیہ میں غیرملکی سیاحوں کی آمد میں ریکارڈ 128فیصد اضافہ، وزارت سیاحت اور ترک سٹیٹ کے تازہ اعداد و شمار

استنبول (پاک ترک نیوز)
رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دورا ن ترکی جانے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میںگذشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 128 فیصد اضافہ ہواہے۔ جس کے نتیجے میںسیاحوں کی آمددوکروڑ33لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
ترکی کی وزارت ثقافت و سیاحت کے گذشتہ روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال کے پہلے سات ماہ کے عرصے کے مقابلے میں اس سال جنوری سے جولائی کے عرصے میں بیرونی سیاحوں کی ترکی آمد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔جو سات ماہ کے دوران دو کروڑ 33لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ جبکہ اس دوران جرمنی سے سب سے زیادہ سیاح ترکی پہنچے ہیں۔اور سال بہ سال کے تناسب میں جرمن سیاحوں کی آمد میں 137فیصد اضافہ ہواہے اور یہ تعداد 29لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
اسی طرح روسی سیاحوں کی ترکی آمد 41.36 فیصد اضافے کے ساتھ دوسرے نمبر پراور تعداد 21لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ اسکے بعد برطانیہ 2,036 فیصد اضافے کے ساتھ تیسرے نمبر پرہے اور اس ملک سے 18 لاکھ سیاح ترکی آئے ہیں۔جبکہ برطانیہ کے بعد بلغاریہ اور ایران کا نمبر آتا ہے۔
دریں اثنا، ترکی کے سٹیٹیکل انسٹی ٹیوٹ (ترک سٹیٹ) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس عرصے میں کل دوکروڑ 61 لاکھ سیاحوں کی میزبانی کی گئی، جن میں 31 لاکھ بیرون ملک مقیم ترک شہری بھی شامل ہیں۔
اسی طرح صرف گزشتہ ماہ، ملک نے 66 لاکھ غیر ملکی سیاحوںکی میزبانی کی جس میں پچھلے سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 52.84 فیصد اضافہ ہوا۔جبکہ جرمنی پھر جولائی میں 962,003 سیاحوںکے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، اس کے بعد بالترتیب 741,419 اور 545,973 سیاحوںکے ساتھ روس اور برطانیہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔اور انکے بعد ہالینڈ اور بلغاریہ کا نمبر آتا ہے۔
یاد رہے کہ غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں ریکارڈ اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئےترکی نے گزشتہ ماہ سیاحت کی آمدنی میں اپنے اہداف کو بڑھا کر اس سال 37 ارب ڈالر اور سیاحوں کی تعدادکو چار کروڑ 70لاکھ کر دیا ہے۔ جو پہلے 35 ارب ڈالر او ر چار کروڑ50لاکھ سیاح رکھا گیا تھا۔
2021 میں، روسی اور یوکرینی سیاح بالترتیب ترکی کی سیاحتی آمدن کے پہلے اور تیسرے بڑے ذرائع تھے۔ 47 لاکھ افراد کے ساتھ غیر ملکی زائرین کا 19فیصد حصہ روسیوں کا تھا، جب کہ یوکرین 21 لاکھ افراد اور 8.3فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا۔
اعدادوشمار کے مطابقکورونا کی پابندیوں میں نرمی کے بعدگزشتہ سال غیر ملکی سیاحوں کی ترکی تعداد 94.1فیصد بڑھ کردو کروڑ 47لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی ۔جس سے 25ارب ڈالر کی آمدن ہوئی۔ تاہم یہ تعداد 2019میں ریکارڈ کی گئی سطح سے کافی نیچے تھی۔

#ANKARA#PakTurkNews#touristturkey