ماسکو(پاک ترک نیوز) ترکی، مصر اور تیونس کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ ممالک روسی سیاحوں کا انتظار کر رہے ہیں۔اور ان ملکوں کا روسی سیاحوں پر کسی قسم کی پابندیاں لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یہ بات روس کی وفاقی سیاحتی ایجنسی(جو روسٹورزم) کی سربراہ زرینہ ڈوگوزوفا نےگذشتہ روز صحافیوںسے گفتگو کے دوران بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ روس اپنے شہریوں میں انتہائی مقبول تینوں سیاحتی ملکوں کےاس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انکی تیونس کے وزیر سیاحت محمد معیز بل حسین سے بات ہوئی ہے۔ جس میں انہوں نے زور دے کر کہاتھا کہ تیونس کے حکام نے کبھی بھی روس کے خلاف کوئی پابندیاں لگانے کا منصوبہ نہیں بنایا اور روسی سیاحوں کی آمد کو بڑھانے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔
اس کے علاوہ، روسٹورزم کے سربراہ نے حال ہی میں مصر کے وزیر سیاحت اور نوادرات خالد الینیانی اور ان کے ترک ہم منصب محمد عروسی سے بات چیت کی ہے۔ جس میں دونوں ملکوں کے وزیروں نےانہیں یقین دلایاتھا کہ وہ روسی فیڈریشن کے ساتھ تعاون میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ان ممالک میں روسی سیاحوں کے لیے کوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی۔
زرینہ ڈوگوزوفا نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ ہمارے ساتھیوں نے اپنی حمایت کا اظہار کیا اور تعاون کے لیے کھلے ہیں۔ یہ بھی اہم ہے کہ تین سب سے زیادہ مقبول سیاحتی ملک ہمارے شہریوں کے لیے چھٹیاں گزارنے کے لیے دستیاب ہیں، اور ہمارے شراکت دارروسی سیاحوںکے لیے محفوظ اور آرام دہ حالات فراہم کرتے رہیں گے۔