ترکی :پہلی بار ہوا سے پیدا ہونیوالی بجلی ملکی ضروریات کا سب سے بڑا ذریعہ بن گئی

انقرہ (پاک ترک نیوز)ہواسے تیار کی جانے والی بجلی گذشتہ ہفتے کے دوران ترکی میں بجلی پیدا کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ بن گئی جب ملک کی بجلی کی مجموعی پیداوار میں ہواسے تیار کی جانے والی بجلی کا حصہ 23 فیصد کے قریب پہنچ گیا۔
ترک الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کارپوریشن کے جاریکردہ اعداد وشمار کے مطابق 28 نومبر کے بعد سے ہواسے تیار کی جانے والی بجلی ملک میں بجلی پیدا کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ بن گئی ہے۔اور ہواسے تیار کی جانے والی بجلی کا ملک کے بجلی کے ترسیلی نظام میں اوسط حصہ 22فیصد سے تجاوز کر گیا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ ہفتے میںملک کی بجلی کی مجموعی روزانہ پیداوار7لاکھ92ہزار میگاواٹ آوورتھی جس میں ہواسے تیار کی جانے والی بجلی کا اوسط پیداوار ی حصہ ایک لاکھ 79ہزار میگا واٹ آوور ریکارڈ کیا گیا جو 22.6فیصد بنتا ہے۔
ترکی میں ہواسے تیار کی جانے والی بجلی کی تنصیب شدہ پیداواری صلاحیت 10ہزار6سو میگاواٹ ہے ۔جو پن بجلی کے بعد ملک میں ماحول دوست ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کا دوسرا بڑا ذریعہ ہے۔ترکی اس وقت یورپ میں ہواسے تیار کی جانے والی بجلی کے آلات فراہم کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے ۔ جبکہ اس وقت ملک میں قائم ہواسے تیار کی جانے والی بجلی کے آلات تیار کرنے والے 77 کارخانوں کی آمدن کا 70 فیصد حصہ برآمدات پر مشتمل ہے جو یورپ کے علاوہ دنیا کے 45 ملکوں کو کی جارہی ہیں۔

#Air#light#PakTurkNewsturkey