استنبول(پاک ترک نیوز)
فروری کو ماہ عشق کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، گوکہ ویلنٹائن ڈے تو 14فروری کو ہی منایا جاتا ہے لیکن پورا مہینہ ہی فضا میں رومانس بکھرا ہوتا ہے۔ ایسے میں کسی خوبصورت مقام پر جاکر جوڑے اپنا وقت یادگار بنانا چاہتےہیں۔ استنبول جیسا قدیم شہر ایسے مقامات سے بھرا ہوا جہاں محبت کرنے والے بہترین وقت گزار سکتے ہیں اور اسے یادگار لمحات میں بدل سکتے ہیں۔
گلاٹا ٹاور:
507عیسوی میں تعمیر کیا گیا گلاٹا ٹاور دیکھنے والے کو اپنے سحر میں مبتلا کردیتا ہے۔ بے شمار محبت کرنے والوں نے گلاٹا سے باسفورس کے مناظر کا نظارہ کرتے ہوئے ایک دوسرے سے اظہار محبت کیاہوگا۔ ٹاور کے بالائی حصے میں آبرویشن ڈیک پر کھڑے ہو کر شہر کا نظارہ کرنا واقعی ایک ناقابل فراموش تجربہ ہے جبکہ سمندر سے آنے والی خوشگوار ہوا رخسار چھو رہی ہو اور زلفوں سے اٹکیلیاں کر رہی ہو۔
شہر کا نظارہ کرتے ہوئے ٹاور کی سب سے اوپری منزل پر واقع ریسٹورانٹ میں ڈنر کرنا بہت ہی رومینٹک آئیڈیا ہے۔
گلاٹا ٹاوراستنبول کے بیوگلو ضلع میں واقع ہے اور اسکےادرگرد بہت کیفے، ریسٹوران ، ہوٹل، آرٹ سٹوڈیواور بارز موجود ہیں جو ہر وقت سیاحوں سے بھرے ہوتے ہیں۔
دا میڈن ٹاور
سلطنت عثمانیہ کے دور میں اسے ایک مشاہداتی ٹاور کےطور پر استعمال کیا جاتا تھالیکن اب یہ استنبول کے سب سے رومانوی مقامات میں سے ایک جہاں آپ لنچ یا ڈنر ڈیٹ کیلئے جاسکتےہیں۔ یہ ٹاور محبت کی بہت سی لازوال دوستانوں کا امین ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ایسا مقام ہے جسے دنیا بھر کے فلم بینوں نے جیمز بانڈ کی فلم دا ورلڈ از ناٹ اینف میں بھی حیرت اور تجسس سے دیکھا۔
Üsküdar سے میڈن ٹاور پہنچے کیلئے آپ کو ایک شٹل بوٹ لینا ہوگی جو آپ کو دس منٹ میں وہاں پہنچا دےگی۔ گرمیوں میں Kabataş سے میڈن ٹاور جانے کیلئے ایک مفت بوٹ سروس بھی فراہم کی جاتی ہے۔
ٹیلی بابا کا مزار
مسلمان صوفی بزرگ ٹیلی بابا کا مزار محبت کے متلاشیوں کیلئے ایک اہم زیارت گاہ ہے۔باسفورس کے ساحل پرواقع یہ مزار کی زیارت شاید کسی ناشاد دل کو طمانیت پہنچانے کا باعث بن سکے کیونکہ روایت کے مطابق محبت کے متلاشی یہاں آکر منت مانتے ہیں اور جب منت پوری ہوجائے انہیں یہاں حاضری کیلئے دوبارہ آنا پڑتا ہے۔
اگر آپ بھی محبت کے متلاشی ہیں تو منت ماننے کیلئے ٹیلی بابا کے مزار پر جائیں اور اگر آپ کو آپکی محبت مل گئی ہے تو روایت کے مطابق یہاں کی زیارت کرنے کے بعد قریبی کیفے میں لنچ کیلئے ضرور رکیں۔
استقلال سٹریٹ میں چہل قدمی
استقلال اسٹریٹ میں چہل قدمی کرنا واقعی ایک پر لطف تجربہ ہے جہاں جگہ جگہ سٹریٹ پرفارمنس دیکھنے کا موقع ملتا ہے، شاپنگ رومینٹک ڈیٹ کا ایک لازمی جزو ہے اور استقلال سٹریٹ میں آپ کو بہت سے برانڈز کی دکانیں ملیں گی۔ جب آپ چلتے چلتے تھک جائیں تو کسی کیفے میں بیٹھ کر لنچ یا ڈنر کریں۔