استنبول (پاک ترک نیوز) صدر رجب طیب ایرودان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کے لیے چھوڑی جانے والی میراث میں سب سے اہم سن 2053 کے اہداف میں شامل ماحول دوست ترقیاتی انقلاب کا آغاز ہے ۔
صدر نے ضلع ادانہ میں نوجوان طلبہ سے ملاقات کے موقع پر اپنے خطاب میں گزشتہ دنوں پیرس ماحولیاتی معاہدے کی توثیق کے بارے میں بتایا کہ اس فیصلے سے ہم نے سن 2053 کے اہداف کے سلسلے میں ماحول دوست ترقیاتی انقلاب کا آغاز کر دیا ہے جو کہ ہماری آنے والی نسلوں کےلیے ایک میراث ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل اس ماحول دوست ترقیاتی انقلاب کی سب سے اہم مددگار ہے، کورونا وبا کے دوران ترکی کے مضبوط نظام صحت کی بدولت ہم نے وائرس کے خلاف جنگ کےلیےخصوصی اقدامات کیے ہیں۔
صدر ایرودوان نے کہا کہ امید ہے کہ ماحول دوست ترقیاتی انقلاب کے ہمراہ ماحولیاتی تغیر کے سلسلے میں بھی ہم سرخرو ہونگے۔ اللہ نے ہمیں جو قدرت کی نعمتیں بطور امانت عطا کی ہیں ان کے تحفظ کےلیے ہر قسم کی تدابیراپنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل اس 1500 سال پرانی تہذیب اور 1000 ہزار سالہ قومی جدوجہد کی باگ دوڑ آپ کے ہاتھوں میں ہوگی ۔میری خواہش ہے کہ مقامی ٹیکنالوجی اور ماحول دوست ترقیاتی انقلاب کے سلسلے میں سن 2053 کے حصول ِاہداف پر آپ ابھی سے متوجہ ہو جائیں ۔ یہ مت بھولیں کہ ہر چیز کا آغاز ایک خیال سے ہوتا ہے جس کی تعبیر قدم با قدم نظر آنا شروع ہو جاتی ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ ترکی سمیت پوری دنیا ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار ہے لہذا اس حوالے سے اواخر ماہ روم اور گلاسگو میں اجلاس منعقد ہونگے۔