وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ترک ہم منصب سے ملاقات

انقرہ (پاک ترک نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کاکہنا ہے کہ ترک وزیر خارجہ میولت چاوش اوگلو کی جانب سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں آج عشائیہ کی میزبانی کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے گرمجوشی سے مہمان نوازی پر اپنے ترک ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پیار اور محبت پر مبنی ہیں۔یہ محبت دونوں عوام ایک دوسرے کے لیے رکھتے ہیں۔
عاصم افتخار احمد دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا۔وزیر خارجہ نے زور دیا کہ اعلی ترین تزویراتی تعاون کونسل اور تزویراتی اقتصادی فریم ورک دوطرفہ تعلقات کو مزید بلندی تک لے جانے کے لیے مفید طریقہ کار ہیں۔پاکستان رواں برس کے اختتام پر ترکی میں اعلی ترین تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس کا منتظر ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے جموں و کشمیر کے تنازع پر ترک حکومت کی ثابت قدم حمایت اور اصولی موقف پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اپنے قریبی پڑوس اور اس سے باہر امن و سلامتی کے لیے ترکی کے تعاون کو سراہا۔افغانستان کے بارے میں وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی برادری اور عبوری افغان حکومت کے درمیان مسلسل رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے یوکرین کے بحران میں ترکی کے تعمیری کردار اور بات چیت اور سفارت کاری کو فروغ دینے میں ترک وزیر خارجہ کی ذاتی کوششوں کو بھی سراہا۔
وزیر خارجہ ترکی کے سرکاری دورے پر وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دونوں وزرائے خارجہ کی یہ دوسری ملاقات تھی۔

 

#ANKARA#bilawalbhutto#PakTurkNews#turkforegionministerturkey